hamare masayel

ترکہ کی تقسیم سے پہلے قرض ادا کیا جائے گا

 (سلسلہ نمبر: 732)

ترکہ کی تقسیم سے پہلے قرض ادا کیا جائے گا

سوال: محفوظ الرحمن کا انتقال ہوا ان کے ورثا میں ایک بیوی دو لڑکے اور پانچ لڑکیاں موجود ہیں، مرحوم نے اپنے ایک لڑکے کو الگ کردیا تھا جس کا باپ کے علاوہ مستقل کاروبار تھا اور دوسرے بیٹے کے ساتھ مرحوم رہتے تھے، مرحوم نے اپنی زندگی میں اپنے ایک لڑکے جو کہ علاحدہ رہتا ہے اور کاروبار بھی الگ تھا اس سے بطور قرض کچھ رقم ادھار لی تھی انتقال کے بعد علاحدہ رہنے والے لڑکے کا اصرار ہوا کہ والد صاحب نے جو قرض لیا تھا وہ مجھے چاہئے اس لڑکے نے جس کے ساتھ مرحوم رہتے تھے اپنی نجی رقم سے وہ قرض ادا کردیا اب مرحوم کا ترکہ تقسیم ہورہا ہے تو ورثاء کے کتنے کتنے حصے بنیں گے اور لڑکے نے والد کا قرض جو اپنی ذاتی رقم سے ادا کیا ہے اس کو مال متروک سے وضع کیا جائے گا یا نہیں؟

المستفتی: ابو رشدی عارفی، اردو بازار، سہارنپور۔

الجواب باسم الملہم للصدق والصواب: صورت مسئولہ میں بر تقدیر صحت سوال محفوظ الرحمن مرحوم کے ترکہ سے پہلے اس قرضہ کو الگ کیا جائے گا جو انہوں نے اپنے الگ رہنے والے لڑکے سے لیا تھا، اور یہ رقم اس لڑکے کو دی جائے گی جس نے اپنے پاس سے قرض کی ادائیگی کردی ہے، اس کے بعد ما بقیہ ترکہ کو بہتر (72) حصوں میں تقسیم کریں گے، جس میں سے دونوں لڑکوں کو چودہ چودہ (14/14) حصے، پانچوں لڑکیوں کو سات سات (7/7) حصے اور بیوی کو نو (9) حصے ملیں گے۔

الدلائل

قال الله تعالى: يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ ۖ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ. (النساء: ١١).

وقال تعالى:  وَلَكُمْ نِصْفُ مَا تَرَكَ أَزْوَاجُكُمْ إِن لَّمْ يَكُن لَّهُنَّ وَلَدٌ ۚ فَإِن كَانَ لَهُنَّ وَلَدٌ فَلَكُمُ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْنَ ۚ مِن بَعْدِ وَصِيَّةٍ يُوصِينَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ ۚ . (النساء: ١٢).

إذا اختلط البنون والبنات عصب البنون البنات فيكون للابن مثل حظ الأنثيين لقوله تعالى {يوصيكم الله في أولادكم للذكر مثل حظ الأنثيين} [النساء: ١١] (تبيين الحقائق: ٦/ ٢٢٤).

 والله أعلم.

حرره العبد محمد شاکر نثار المدني القاسمي غفرله أستاذ الحديث والفقه بالمدرسة الإسلامية العربية بيت العلوم سرائمير أعظم جره الهند.

11- 9- 1444ھ 3-4- 2023م الاثنين

Join our list

Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.

Thank you for subscribing.

Something went wrong.

Leave a Reply