بقلم: محمد ہاشم قاسمى بستوى
موت ايك تلخ حقيقت ہے، ہر انسان كو اس كا مزہ چكھنا ہے، كسى فرد بشر كو اس سے مفر نہيں، جو بھى اس دنيا ميں آيا ہے اس كو ايك نہ ايك دن يہ دنيا چھوڑ كر جانا ہے، امير ہو يا غريب، خوشحال ہو يا بد حال، فقير ہو يا مالدار سب كو يہاں سے كوچ كركے دار آخرت كى طرف جانا ہے، اور يہ بھى حقيقت ہے كہ مرنے كے بعد انسان كے نيك اعمال كا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے، اس كے سارے اعمال اس كے ساتھ ختم ہو جاتے ہيں، مگر كچھ كاموں كى وجہ سے اس كے نيك اعمال كا سلسلہ جارى رہتا ہے چنانچہ مسلم شريف حديث نمبر 1631 ميں حضرت ابو ہريرہ سے روايت ہے، رسول اللہ صلى الله عليہ وسلم نے ارشاد فرمایا: انسان کے مرنے کے بعد اس کے نیک عمل کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے مگر تین چیزوں کی وجہ سے عمل كا سلسلہ جاری رہتا ہے، اور مرنے کے بعد بھی اس کو برابر ثواب ملتا رہتا ہے، وہ چیزیں یہ ہیں: (۱) صدقہ جاریہ، (۲) علمِ نافع (۳) نیک لڑکا جو اس کے لیے دعا کرتا رہے۔
اس حديث سے معلوم ہوا كہ مردوں كے حق ميں دعا كرنے سے ان كو فائدہ ہوتا ہے، دعا كى بركات كى وجہ سے الله تعالى مردوں پر رحم كرتے ہيں، ان كى مغفرت بھى كرتے ہيں، اور ان كو جہنم كے عذاب سے نجات ديتے ہيں، مردوں كو دعا كا ثواب ملنے كے بارے ميں احاديث كى كتابوں ميں بے شمار صحيح احاديث موجود ہيں،
جس مسلمان كے والدين، بھائى بہن يا كسى قريبى رشتہ دار كا انتقال ہو جاتا ہے، اسے غم ناك مناظر سے گزرنا پڑتا ہے، اس كا چين وسكون برباد ہو جاتا ہے ، اس كى دنيا اجڑ جاتى ہے، وہ مرنے والے كى ايك ايك چيز كو ياد كركے ہر پل آنسو بہاتا ہے، اور اسے کھوئے ہوئے لوگوں کی یاد ستاتی ہے۔ ليكن وہ يہ بھى سمجھتا ہے كہ جانے والے كبھى بھى لوٹ كر نہيں آتے، ان كے ليے ہم صرف دعا ہى كر سكتے ہيں، اسى سے ان كو راحت مل سكتى ہے، اور ہميں سكون مل سكتا ہے ایک مومن اپنے پیاروں کی جدائی پر غمگین ہوتا ہے، میت کے لیے مومن کی بہترین پیشکش یہ ہے کہ وہ اس کے لیے دعا کرے جیسا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں مرنے والو ں كى طرف سے صدقہ كى وصیت فرمائی ہے۔ صدقہ كى طرح ان كے حق ميں دعا كرنے كا بھى حكم ہے اسى مناسبت سے مردوں كے حق ميں ايصالِ ثواب اور ان كى مغفرت كے ليے ذيل ميں كچھ مسنون دعائيں ذكر كر رہے ہيں، ميت كے حق ميں ان كو پڑھنے سے ان شاء الله انہيں ضرور ثواب ملے گا:
بالغ مرد عورت كےجنازہ کی دعا
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِحَيِّنَا وَمَيِّتِنَا، وَشَاهِدِنَا وَغَائِبِنَا، وَصَغِيرِنَا وَكَبِيرِنَا، وَذَكَرِنَا وَأُنْثَانَا… اللَّهُمَّ مَنْ أَحْيَيْتَهُ مِنَّا فَأَحْيِهِ عَلَى الْإِسْلَامِ، وَمَنْ تَوَفَّيْتَهُ مِنَّا فَتَوَفَّهُ عَلَى الْإِيمَانِ.
ترجمہ: اے اللہ! ہمارے زندہ اور مردہ، حاضر اور غائب، چھوٹے اور بڑے، مرد اور عورت سب کو بخش دے… اے اللہ! ہم میں سے جسے تو زندہ رکھے، اسے اسلام پر زندہ رکھ، اور جسے تو وفات دے، اسے ایمان پر وفات دے۔ سنن الترمذی، حدیث نمبر 1024
نابالغ بچے كے جنازے كى نماز كى دعا
اَللّٰهمَّ اجْعَلْه لَنَا فَرَطاً وَّ اجْعَلْه لَنَا اَجْراً وَّ ذُخْرا وَّ اجْعَلْه لَنَاشَافِعًا وَّ مُشَفَّعًا
ترجمہ: اے اللہ! اسے ہمارے لیے پیش رو بنا، اسے ہمارے لیے اجر اور ذخیرہ بنا، اور اسے ہمارے لیے شفاعت کرنے والا اور مقبول الشفاعت بنا
نوٹ: دعا ميں مذكور الفاظ سے ملتے جلتے الفاظ كمى بيشى كے ساتھ صحيح مسلم حديث نمبر 2288 ، اور صحيح بخارى ميں (2/ 89) حسن بصرى سے تعليقا (بغير سند كے) مذكور ہے، اور مصنف ابن ابى شيبہ حديث نمبر 29839 كے تحت حضرت حسن بصری رحمہ اللہ تعالی سے منقول ہے کہ وہ بچوں کی نمازِ جنازہ میں یوں دعا کیا کرتے تھے: اللهم اجعله لنا فرطا، وذخرا، وأجرا. ان سارى تفصيلات سے معلوم ہوتا كہ مذكورہ دعا صحيح ہے
نابالغ بچى كے جنازے كى نماز كى دعا
اَللّٰهمَّ اجْعَلْها لَنَا فَرَطاً وَّاجْعَلْها لَنَا أَجْراً وَّ ذُخْراً وَّ اجْعَلْهالَنَا شَافِعَةً وَّ مُشَفَّعَةً”.
میت کے لیے قرآنى دعا
رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلًّا لِلَّذِينَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّكَ رَءُوفٌ رَحِيمٌ.
ترجمہ: اے ہمارے رب! ہمیں بخش دے اور ہمارے ان بھائیوں کو بھی جو ہم سے پہلے ایمان لائے، اور ہمارے دلوں میں ایمان والوں کے لیے کوئی کینہ نہ رکھ۔ اے ہمارے رب! بے شک تو بڑا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے، سورہ الحشر، آیت 10۔
قبرستان میں دفن کے بعد کی دعا
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لَهُ، اللَّهُمَّ ثَبِّتْهُ.
ترجمہ: اے اللہ! اسے بخش دے، اے اللہ! اسے ثابت قدم رکھ۔ سنن أبي داؤد، حدیث نمبر 3221 ۔
میت کے لیے مغفرت کی دعا
اللَّهُمَّ إِنَّ فُلَانَ بْنَ فُلَانٍ فِي ذِمَّتِكَ، وَحَبْلِ جِوَارِكَ، فَقِهِ مِنْ فِتْنَةِ الْقَبْرِ وَعَذَابِ النَّارِ.
ترجمہ: اے اللہ! فلاں بن فلاں تیری پناہ اور تیری جوار میں ہے، اسے قبر کی آزمائش اور جہنم کے عذاب سے بچا۔ سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر 1498۔
نوٹ: اس دعا ميں فلاں بن فلاں كى مرنے والے كا نام ولديت كے ساتھ ليا جائے۔
قبر کی زیارت کے وقت پڑھی جانے والی دعا
السَّلَامُ عَلَيْكُمْ أَهْلَ الدِّيَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُسْلِمِينَ، وَإِنَّا إِنْ شَاءَ اللَّهُ بِكُمْ لَاحِقُونَ، أَسْأَلُ اللَّهَ لَنَا وَلَكُمُ الْعَافِيَةَ.
ترجمہ: سلام ہو تم پر اے اہل قبور مؤمنین و مسلمین! بے شک ہم ان شاء اللہ تم سے ضرور ملنے والے ہیں۔ میں اللہ سےاپنے اور تمہارے لیے عافیت مانگتا ہوں، صحیح مسلم، حدیث نمبر 249۔
میت کے لیے استغفار کی دعا
اللَّهُمَّ عَبْدُكَ وَابْنُ أَمَتِكَ، احْتَاجَ إِلَى رَحْمَتِكَ، وَأَنْتَ غَنِيٌّ عَنْ عَذَابِهِ، إِنْ كَانَ مُحْسِنًا فَزِدْ فِي إِحْسَانِهِ، وَإِنْ كَانَ مُسِيئًا فَتَجَاوَزْ عَنْهُ.
ترجمہ: اے اللہ! یہ تیرا بندہ اور تیری بندی کا بیٹا ہے، وہ تیری رحمت کا محتاج ہے، اور تو اس کے عذاب سے بے نیاز ہے۔ اگر وہ نیک تھا تو اس کی نیکیوں میں اضافہ فرما، اور اگر برا تھا تو اس سے درگزر فرما، اسے معاف فرما۔ سنن النسائی، حدیث نمبر 2034۔
میت کے لیے عمومی دعا
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لَهُ وَارْحَمْهُ، وَعَافِهِ وَاعْفُ عَنْهُ، وَأَكْرِمْ نُزُلَهُ، وَوَسِّعْ مُدْخَلَهُ.
ترجمہ: اے اللہ! اسے بخش دے، اس پر رحم فرما، اسے عافیت دے، اس سے درگزر فرما، اسے عزت کی جگہ عطا فرما، اور اس کی قبر کو وسیع کر دے، صحیح البخاری، حدیث نمبر 1240۔
ميت كے ليے مغفرت كى دعا
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لَهُ وَارْحَمْهُ وَأَدْخِلْهُ الْجَنَّةَ.
ترجمہ: اے اللہ! اسے بخش دے، اس پر رحم فرما، اور اسے جنت میں داخل فرما۔ سنن ابو داود حديث نمبر 3221۔
قبر كے عذاب سے بچنے كى دعا
اللَّهُمَّ أَعِذْهُ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ
ترجمہ: اے اللہ! اسے قبر کے عذاب سے بچا لے۔ سنن ابن ماجہ حديث نمبر 1505۔
ان دعاؤں كو صدق نيت سے پڑھنے سے ان شاء الله مردوں كو ضرور فائدہ ہوگا۔


Join our list
Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.


