ویڈیو کالنگ کے ذریعے مریض کی عیادت
مریض کی عیادت ایک عبادت ہے اور ایک مسلمان کا یہ حق ہے کہ جب وہ بیمار ہو تو دوسرا مسلمان اس کی عیادت کو جائے (دیکھئے صحیح بخاری ومسلم وغیرہ )
اور حضرت ابو موسیٰ اشعری سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
” فُكُّوا الْعَانِيَ ، وَأَجِيبُوا الدَّاعِيَ، وَعُودُوا الْمَرِيضَ”. (صحيح البخاري: 5174)
قیدی کو چھڑاؤ دعوت قبول کرو اور مریض کی عیادت کرو۔
اور حضرت ثوبان سے منقول ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
مَنْ عَادَ مَرِيضًا لَمْ يَزَلْ فِي خُرْفَةِ الْجَنَّةِ حَتَّى يَرْجِعَ (صحيح مسلم:2568 )
جو کوئی کسی مریض کی عیادت کے لئے جائے تو وہ جنت کے پھلوں میں رہتا ہے یہاں تک کہ واپس آجائے.
اور حضرت علی سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
مَا مِنْ مُسْلِمٍ يَعُودُ مُسْلِمًا غُدْوَةً إِلَّا صَلَّى عَلَيْهِ سَبْعُونَ أَلْفَ مَلَكٍ، حَتَّى يُمْسِيَ، وَإِنْ عَادَهُ عَشِيَّةً إِلَّا صَلَّى عَلَيْهِ سَبْعُونَ أَلْفَ مَلَكٍ، حَتَّى يُصْبِحَ، وَكَانَ لَهُ خَرِيفٌ فِي الْجَنَّةِ “. (سنن الترمذي: 969)
جو کوئی کسی مسلمان کی عیادت کے لئے صبح میں جاتا ہے تو شام تک ستر ہزار فرشتے اس کے لئے رحمت کی دعا کرتے ہیں اور جو کوئی شام میں عیادت کے لئے جاتا ہے تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اس کے لئے رحمت کی دعا کرتے ہیں اور جنت میں اس کے لئے ایک باغ ہوگا۔
ویڈیو کالنگ کے ذریعے مریض سے گفتگو کرنے اوراسے دیکھنے کی وجہ سے بھی عیادت کا اجرو ثواب حاصل ہوسکتا ہے، کیونکہ عیادت کا مقصد ہے مریض اور اس کے گھر والوں کی دلجوئی اور تسلی اوراس کے دکھ درد میں شرکت ، اظہارہمدردی اوراسے دیکھنا اور اس کے لیے دعا کرنا، یہ تمام چیزیں ویڈیو کالنگ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں، اس لیے اس پر عیادت کے اجرو ثواب کی امید کی جاسکتی ہے، یہ اور بات ہے کہ ہسپتال یا اس کے گھرجاکر براہِ راست عیادت کرنے کا ثواب اس سے زیادہ ہے۔ اور حدیث میں مذکور خاص ثواب کا مستحق وہی ہے۔
Join our list
Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.