فجر کی نماز کے بعد کے اذکار

فجر کی نماز کے بعد کے اذکار اور دعائيں

بقلم: محمد ہاشم قاسمى بستوى

اذکار اور دعائيں مومن كى ہتھيار ہيں يہ ايك مومن کو ہر قسم كے شرور وفتن سے محفوظ رکھتى ہیں۔ فجر کی نماز دن كى پہلى نماز ہے، اس وقت ماحول پر سكون ہوتا ہے، ہر كام ميں دل لگتا ہے، بندہ ہر كام كو پورى دلجمعى اور توجہ سے كرتا ہے، اس ليے  اس وقت اللہ تعالیٰ دعا مانگنے والوں کی دعا كو خاص طور قبول کرتا ہے، ہر مسلمان كو فجر کی نماز کے وقت اور اس کے بعد زیادہ سے زيادہ  دعا کرنی چاہیے۔ اس مضمون میں ان اذكار كو ذكر كيا گيا ہے جو فجر کی نماز کے بعد پڑھے جاتے ہیں۔

فجر کے بعد کے اذکار

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت سی صحیح احادیث اور دعائیں منقول ہیں جو عام طور پر نمازوں کے بعد اور خاص طور پر فجر کی نماز کے بعد پڑھی جاتی ہیں۔

(1)  فجر کی نماز کے بعد بہترین دعاؤں میں سے ایک وہ ہے جو سنن ابن ماجہ حديث نمبر حديث 925 كے تحت حضرت  ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے دعا كے کہ:

جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز سے سلام پھیرتے تو فرماتے:

 اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْماً نَافِعاً، وَرِزْقاً طَيِّباً، وَعَمَلاً مُتَقَبَّلاً. [سنن ابن ماجة: 925]

ترجمہ:  اے اللہ! میں تجھ سے نفع بخش علم، پاکیزہ رزق، اور مقبول عمل کا سوال کرتا ہوں۔”

(2) ‘لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ، يُحْيِي وَيُمِيتُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ. [سنن الترمذي: 3474]

ترجمہ:  اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، بادشاہی اسی کی ہے اور تمام تعریف اسی کے لیے ہے، وہ زندہ کرتا اور مارتا ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے،

امام ترمذی نے حديث نمبر [3474] كے تحت حضرت ابو ذر غفارى رضى الله عنہ سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “جو شخص فجر کی نماز کے بعد اپنی ٹانگیں موڑ کر بیٹھنے کی حالت میں، بات کرنے سے پہلے دس مرتبہ يہ دعا پڑھے تو اللہ اس کے لیے دس نیکیاں لکھتا ہے، اس کی دس برائیاں مٹا دیتا ہے، اس کے دس درجے بلند کر دیتا ہے، اور وہ اس دن ہر ناپسندیدہ چیز سے محفوظ رہتا ہے اور شیطان سے اس کی حفاظت ہوتی ہے۔ اور اس دن کوئی گناہ اسے نہیں پا سکتا سوائے اللہ کے ساتھ شرک کرنے کے۔

(3)  اللَّهُمَّ أَجِرْنِي مِنَ النَّارِ. (عمل اليوم والليلة للنسائي:111، صحيح ابن حبان: 2022)

فجر اور مغرب كے بعد سات مرتبہ۔

ترجمہ: اے اللہ! مجھے جہنم کی آگ سے پناہ عطا فرما۔

امام نسائى نے عمل اليوم والليلہ ميں حديث نمبر 111 اور امام ابن حبان نے اپنى صحيح ميں حديث نمبر 2022 كے تحت حارث بن مسلم تمیمی سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے فرمایا: “نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ‘جب تم صبح کی نماز ادا کر چکو تو بات کرنے سے پہلے سات مرتبہ یہ دعا پڑھو، اگر تم اس دن وفات پا گئے تو اللہ تمہارے لیے آگ سے پناہ لکھ دے گا۔ اور جب تم مغرب کی نماز ادا کر چکو تو بات کرنے سے پہلے سات مرتبہ یہ دعا پڑھو۔ اگر تم اس رات وفات پا گئے تو اللہ تمہارے لیے آگ سے پناہ لکھ دے گا۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر اور مغرب کے بعد سات مرتبہ یہ دعا فرماتے تھے۔

(4)  لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ وحْدَهُ لا شَرِيكَ له، له المُلْكُ، وله الحَمْدُ، وهو علَى كُلِّ شيءٍ قَدِيرٌ، اللَّهُمَّ لا مَانِعَ لِما أعْطَيْتَ، ولَا مُعْطِيَ لِما مَنَعْتَ، ولَا يَنْفَعُ ذَا الجَدِّ مِنْكَ الجَدّ.ُ [صحيح البخاري: 6330]

ترجمہ:  اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، بادشاہت اسی کی ہے اور تمام تعریفیں اسی کے لیے ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ اے اللہ! جو تو دے اسے کوئی روکنے والا نہیں اور جو تو روک لے اسے کوئی دینے والا نہیں اور کسی مال دار کو اس کا مال تیری پکڑ سے بچا نہیں سکتا۔

صحيح بخارى حديث نمبر [6330]  ميں حضرت مغيرہ سے روايت ہے  انہوں نے امیر معاویہ بن ابی سفیان کو خط لکھ کر بتایا کہ رسول اللہ ﷺ ہر فرض نماز کے بعد سلام پھیر کر یہى دعا پڑھا كرتے تھے۔

(5) أَسْتَغْفِرُ اللَّهَ  ہر نماز كے بعد 3 مرتبہ [صحيح مسلم: 591]

 (6) اللَّهمَّ أنتَ السَّلامُ ومنكَ السَّلامُ، تبارَكْتَ يا ذا الجلالِ والإِكْرامِ. (صحيح مسلم:592)

ايك مرتبہ۔

ترجمہ: اے اللہ! تو سلام ہے اور سلامتی تیری ہی طرف سے ہے، تو بہت بابرکت ہے، اے عظمت اور بزرگی والے!

 (7) أَسْتَغْفِرُ اللَّهَ وَأَتُوبُ إِلَيْهِ. [عمل اليوم والليلة للنسائي: 454]

ترجمہ: ميں اللہ سے استغفار اور توبہ كرتا ہوں۔

اللَّهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ وَشُكْرِكَ وَحُسْنِ عِبَادَتِكَ. [مسند أحمد: 22119]

ترجمہ: “اے اللہ! مجھے اپنے ذکر، اپنے شکر اور اپنی بہترین عبادت پر مدد فرما۔

اس دعا كے بارے ميں مسندِ احمد حديث نمبر [22119] كے تحت حضرت معاذ بن جبلؓ سے روایت ہے کہ ایک دن نبی اکرم ﷺ نے ان کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: “اے معاذ! میں تم سے محبت کرتا ہوں۔” حضرت معاذؓ نے عرض کیا: “میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں اے اللہ کے رسول ﷺ! میں بھی آپ سے محبت کرتا ہوں۔”

آپ ﷺ نے فرمایا: “اے معاذ! میں تمہیں وصیت کرتا ہوں کہ ہر نماز کے بعد مذكورہ كو  دعا پڑھنا کبھی نہ چھوڑنا۔

آية الكرسى: ﴿اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ لاَ تَأْخُذُهُ سِنَةٌ وَلاَ نَوْمٌ لَّهُ مَا فِي السَّمَوَاتِ وَمَا فِي الأَرْضِ مَن ذَا الَّذِي يَشْفَعُ عِنْدَهُ إِلاَّ بِإِذْنِهِ يَعْلَمُ مَا بَيْنَ أَيْدِيهِمْ وَمَا خَلْفَهُمْ وَلاَ يُحِيطُونَ بِشَيْءٍ مِّنْ عِلْمِهِ إِلاَّ بِمَا شَاءَ وَسِعَ كُرْسِيُّهُ السَّمَوَاتِ وَالأَرْضَ وَلاَ يَؤُودُهُ حِفْظُهُمَا وَهُوَ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ﴾.

ترجمہ: اللہ، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ زندہ اور سب کا نگہبان ہے۔ اسے نہ اونگھ آتی ہے اور نہ نیند۔ اسی کا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے۔ کون ہے جو اس کے پاس اس کی اجازت کے بغیر شفاعت کر سکے؟ وہ جانتا ہے جو کچھ ان کے سامنے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے۔ اور وہ اس کے علم میں سے کسی چیز کا احاطہ نہیں کر سکتے، مگر جتنا وہ چاہے۔ اس کی کرسی (سلطنت و علم) آسمانوں اور زمین کو گھیرے ہوئے ہے اور ان دونوں کی حفاظت اسے تھکاتی نہیں۔ اور وہی سب سے بلند، سب سے بڑا ہے۔

ان كے علاوہ  جو بھى مسنون دعائيں ہيں وہ سب بھى پڑھ سكتے ہيں ، كچھ اہم دعائيں پڑھنے كے ليے ذيل كے لنك پر كلك كريں:

صبح كو پڑھے جانے والے اذكار اور دعائيں

فرض نماز كے بعد كى دعائيں صحيح احاديث كى روشنى ميں

صبح وشام كى دعائيں اور اذكار

فرض نماز كے بعد كى دعائيں صحيح احاديث كى روشنى ميں

بخشش اورمغفرت كے اذكار اور دعائيں قرآن وحديث كى روشنى ميں

Join our list

Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.

Thank you for subscribing.

Something went wrong.

Leave a Reply