Urdu Grammar

Urdu Grammar Introduction گرامر كى اہميت

زبان کی تعلیم میں قواعد و مشق کی اہمیت

ابو لبابہ محمد ہاشم بستوی

          دنیا کا کوئی بھی علم وفن انسان کی دسترس سے باہر نہیں،اس کے اندر ہر طرح کے علم وفن کو حاصل کرنے کی صلاحیت فطرتا پائی جاتی ہے، لیکن اس فطری صلاحیت کو بروئے کار لانے لیے حوصلہ وہمت،محنت ولگن اور سچی تڑپ ہونی چاہئے، ان سب کے بغیر فطری صلاحیت بھی کوئی خاص معنی نہیں رکھتی، اس لیے ضروری ہے کہ جس چیز ہم پڑھیں پوری توجہ سے پڑھیں،جس چیز کو بھی سیکھیں پوری  دلجمعی کے ساتھ سیکھیں،بغیر توجہ ولگن کے کسی علم وفن یا کسی زبان میں کامیابی کی منزل تک پہونچنا بہت مشکل ہے۔بچو!آج آپ کو ہم یہ بتائیں گے کہ دنیا کی کسی بھی زبان کو سیکھنے اس کو سمجھنے، اس میں لکھنے پڑھنے کے لیے ہمیں کیا کیا کرنا پڑے گا،کسی زبان میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ہمیں کن کن چیزوں کی طرف زیادہ توجہ دینی پڑے گی، تو بچو!آپ سب سے  پہلے یہ بات ذہن نشین کر لیجئے کہ کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لیے دو چیزوں کی طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت  ہوتی ہے نمبر (۱)  اس زبان کے قواعد وگرامر  نمبر(۲) پریکٹکل اور مشق، انہیں دونوں چیزوں کے ذریعہ ہم علم وفن کے سفر میں کامیابی وکامرانی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں، ان دونوں کے بغیر منزل مقصود تک پہونچنا شاید ممکن نہ ہو۔

          تو آیئے سب سے پہلے ہم یہ جاننے کی کوشش کریں کہ گرامر وقواعد کسے کہتے ہیں؟ ان کے فوائد کیا ہیں؟ کسی بھی زبان کو سیکھنے سکھانے میں ان کا اہم رول کیا ہے؟تو بہت سیدھی سی بات ہے کہ جن چیزوں کی مدد سے ہم کسی زبان کو سیکھ سکیں، اس کو صحیح طور پر بول سکیں، اس میں لکھ پڑھ سکیں بس انہیں کو گرامر کہتے ہیں۔ یوں تو گرامر کی بہت سی قسمیں ہیں لیکن ان سب کی اصل اور جڑصرف تین۳ہیں جن کو ہم اردو عربی اور فارسی زبان میں اسم فعل اور حرف کہتے ہیں، اور انگریزی زبان میں  Letter Verb Noun  کے نام سے تعبیر کرتے ہیں، ان تینوں کے علاوہ گرامر کی جتنی بھی قسمیں پائی جاتی ہیں ان کاتعلق کسی نہ کسی اعتبار سے ان تینوں میں سے کسی ایک ساتھ ضرور ہوتا ہے، کیوں کہ انسان جو بھی لفظ اپنی زبان سے بولتا ہے وہ دو طرح کا ہوتا ہے، یا تو وہ موضوع ومعنی دار ہوگا یا پھر مہمل وبے معنی ہوگا، اگر وہ مہمل ہے تو گرامر کی اصطلاح میں ہم اسے حرف کہتے ہیں اور اگر وہ موضوع معنی دار ہو یعنی اس لفظ کا کوئی معنی اور مطلب ہو تو وہ بھی دو طرح کا ہوتا ہے نمبر (۱) معنی دار ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں کوئی زمانہ (Tense) بھی ہوگا یا نہیں، اگر معنی دار ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں کوئی زمانہ بھی ہو تو قواعد کی اصطلاح میں اسے فعل کہتے ہیں، اور اگر اس میں کوئی زمانہ نہ ہو تو اہل قواعد اسے اسم کے نام سے تعبیر کرتے ہیں، پھر انھیں تینوں ہی سے گرامر وقواعد کی ساری قسمیں بیتی ہیں مثلاً اسم سے اسم معرفہ (Proper noune)، اسم نکرہ (Common noun)، اسم ضمیر (Pronoun)، اسم جمع (Collective noun)، اور فعل سے فعل لازم (intransitive verb)، فعل متعدی (Transitive verb)، اسی طرح فعل ماضی (Past verb)،فعل مضارع وفعل حال (Present verb)، فعل مستقبل (Future verb)، فعل امر (Imperative verb)وغیرہ وغیرہ، اور حرف سے حرف جار (Preposition)، حرف عطف (Conjunction)، حرف تعجب (Interjection)وغیرہ، ان سب کے علاوہ گرامر کی اور بھی قسمیں ہیں ان سب کے الگ الگ نام بھی ہیں، ان کو پہچاننے اور ان کو استعمال کرنے کے الگ الگ طریقے ہیں آپ ان سب کو گرامر کی کتابوں سے مراجعت کرسکتے ہیں، یہاں تفصیل کا موقع نہیں ہے۔

          کسی بھی زبان کو سیکھنے سکھانے، لکھنے پڑھنے کے لیے قواعد بہت ضروری ہیں، گرامر کا زبان کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے یہ ایک دوسرے کبھی بھی علیحدہ نہیں ہوسکتے، لکھنے پڑھنے کے میدان میں قواعد وگرامر انسان کے ہاتھ پاؤں اور اس کی آنکھ کی طرح ہیں، جس طرح ایک انسان بغیر آنکھ کے کچھ دیکھ نہیں سکتا، بغیر ہاتھ کے کوئی چیز پکڑ نہیں سکتا، بغیر پاؤں کے چل نہیں سکتا، ٹھیک اسی طرح ہم بھی لکھنے پڑھنے کے میدان میں گرامر کے بغیر  بالکل بے بس ومجبور ہو جائیں گے اس میں ایک قدم بھی چلنا ہمارے لیے مشکل ہوگا، کسی بھی زبان کی گاڑی گرامر کی پٹری کے بغیر نہیں چل سکتی اس لیے مناسب یہی ہے کہ جس زبان کو ہم سیکھ رہے ہیں اس کی کتابوں (Text books)کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ اس زبان کے گرامر سے بھی گہری اچھی خاصی واقفیت ہونی چاہیے،یا کم ازکم اتنی واقفیت تو ضرور ہونی چاہئے کہ ہم اس زبان کی کتابوں کو بحسن وخوبی سمجھ سکیں، اس زبان کا اپنی مادری زبان میں، یا اپنی مادری زبان کااس زبان میں ترجمہ کرسکیں یا کسی ترجمہ کے متعلق گرامر کی روشنی میں یہ فیصلہ کرسکیں کہ یہ ترجمہ صحیح ہے یا غلط، گرامر میں جب تک ہمارے اندر اتنی استعداد وصلاحیت نہ پیدا ہوجائے تب تک ہم کسی بھی زبان کو نہ تو  اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں اور نہ ہی اس کو لکھ پڑھ سکتے ہیں۔

           کسی زبان کو سیکھنے کے لیے جس طرح قواعد ضروری ہیں، اسی طرح پریکٹس اور عملی مشق بھی ضروری ہے۔ مشق کے بغیر کسی بھی زبان میں عبور نہیں حاصل ہو سکتا، اور نہ ہی اس زبان کے قواعدمستحضر رہ سکتے ہیں، آج کے ٹکنالوجی دور نے پریکٹکل اور مشق کی افادیت اور اس کی اہمیت کو اور بھی نمایاں کردیا ہے،فن کمپوٹر ہی کو لے لیجئے آج کے دور میں ایک کامیاب فن مانا جارہا ہے، لوگ تیزی سے اس کی طرف سبقت کررہے ہیں اس فن میں بھی اس کے بنیادی اصول وقواعد کے ساتھ ساتھ پریکٹکل ومشق پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے، اس فن سیکھنے اور سکھانے والوں کے رگ وریشے میں یہ بات رچ بس گئی ہے کہ بغیر پریکٹکل اور مشق کے ہم اس فن پر قابو نہیں پاسکتے، تو یہ بات صرف فن کمپوٹر ہی تک محدود نہیں ہے بلکہ دنیا کے تمام علوم وفنون کا یہی حال ہے، دنیا کا کوئی بھی علم کوئی بھی فن  بغیر  پریکٹکل اور مشق کے مکمل طور پر نہیں سیکھا جاسکتا، اس لے ضروری ہے کہ جن کتابوں کو ہم زبان دانی کی حیثیت سے پڑھ رہیں یا وہ کتابیں جو کسی  زبان کے سکھلانے میں ہماری معین ومددگار ثابت ہوں ان کے اسباق کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ زبانی وتحریری مشق بھی کریں، زبانی مشق کا طریقہ یہ ہونا چاہئے کہ سبق کے مضامین میں جو جملے ہیں ان کو  مثبت، منفی، اور سوالیہ جملہ بناکر خود ہی سوال کریں اور خود ہی اس کا جواب بھی دیں، یا اپنے کچھ ساتھیوں کو اس کام کے لیے منتخب کرلیں: ایک سوال کرے دوسرا جواب دے، مثلاً ہم عربی زبان سیکھ رہے ہیں تو اس کے اسباق کے جملوں کو  ھل، متی، ماذا، أ، من وغیرہ لگا کر اس کو سوالیہ جملہ بناکر ایک دوسرے سے آپس میں سوال وجواب کریں، اسی طرح انگریزی زبان میں  how, which, where, what.وغیرہ لگا کر آپس میں سوال وجواب کریں، تحریری مشق کا طریقہ یہ ہے کہ ہمارے اسباق میں جو بھی نئے نئے الفاظ آئیں ان پر دو چار جملے بنانے کا اہتمام ضرور کریں، اسی کے ساتھ ساتھ ہر سبق میں جو بھی اچھی اچھی تعبیرات ہوں کسی چیز کو بیان کرنے کے لیے جو خاص الفاظ ہوں ان پربھی جملے بنانے کا اہتمام کریں، اسی طرح سبق میں جس طرح کے جملے ہوں اسی سے ملتے جلتے جملے ہم اپنی ما دری زبان میں بنائیں اور انھیں جملوں کی عربی یا انگریزی بنائیں،نیز ایک سبق کے ختم ہونے کے بعد ا سمیں جو مضمون ہو ہم اسی جیسا ایک دوسرا مضمون لکھنے کی کوشش کریں، مثلاً ہمارے سبق کا مضمون دہلی شہر سے متعلق ہے، تو ہم لکھنو بمبئی یا کلکۃ کے متعلق لکھیں اس میں وہی الفاظ اور وہی تعبیرات استعمال کریں جو ہماری کتاب میں دہلی کے بارے میں آئیں ہیں، ایسا کرنے سے پریکٹس ومشق کے ساتھ ساتھ ہمارے اندر مضمون نگاری کا ملکہ بھی پیدا ہوتا رہے گا اور ہم بہت جلد ایک اچھے مضمون نگار بھی بن سکتے ہیں۔

           اسباق کی تمرینات ومشق کے ساتھ ساتھ گرامر وقواعد کی پریکٹس اور عملی مشق بھی ہونی چاہئے، بغیر مشق کے گرامر ہمارے ذہن میں محفوظ نہیں رہ سکتے، جس کا لازمی اثر یہ ہو گا کہ ہمارے گرامر کی بنیاد کمزور ہی رہ جائے گی پھر آپ ہی بتائے کہ ہم کسی زبان کو مکمل طور پر کیسے سیکھ سکتے ہیں جب کہ کسی بھی زبان کو سیکھنے کا سب سے اہم ذریعہ گرامر ہی ہیں، اس لیے اسباق کی تمرینات کے ساتھ ساتھ گرامر کی تمرین اور اس کا اجراء بھی بہت ضروری ہے، گرامر کے اجراء کا طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے ہم گرامر کی کتاب سے گرامر کے کسی قاعدہ کو لیں،اس کو اچھی طرح سمجھ لیں، اور اس میں دی گئی مثالوں کو ذہن نشیں کرلیں اس کے بعد اپنی کتاب کا کوئی جملہ لے کر اپنے پڑھے ہوئے قاعدہ پر منطبق کریں یہ دھیان رکھتے ہوئے کہ ہمارا پڑھا ہوا قاعدہ اس جملہ کے کس لفظ پر منطبق ہو رہاہے، پھر اسی قاعدہ کو مد نظر رکھتے ہوئے، زبانی وتحریر دونوں اعتبار سے جتنے بھی جملے بناسکیں بنائیں جب ہم اس طرح سے مشق کرلیں گے تو ہمارا پڑھا ہواقاعدہ ان شاء اللہ کبھی بھی نہیں بھولے گا، مثلا ہم نے گرامر کی کتاب سے ایک قاعدہ پڑھا کہ اسم (Noun)کی دو قسمیں ہیں اسم معر فہ (Propernoun) اور اسم نکرہ (Commonnoun) اسم معرفہ کسی خاص شخص جگہ یا چیز کو کہتے ہیں، اور اسم نکرہ کسی غیرمتعین چیز یا جگہ کو کہتے ہیں اگر ہم اتناہی جان کر چھوڑ دیں تو عین ممکن ہے کہ اس قاعدہ کو بھول جائیں اس کو محفوظ نہ رکھ سکیں، لیکن جب اس قاعدہ کوہم نے اپنے جملوں میں استعمال کرلیا

مثلاً اسم معرفہ کے متعلق اس طرح کا جملہ بنالیا:

دہلی بہت بڑا شہر ہے۔

دہلی مدینة کبیرۃ.

.Delhi is  a very big city

کریم اچھا لڑکا ہے۔

کریم ولد جید.

Karim is a good boy.

ہمالیہ بہت بڑا پہاڑ ہے۔

ہماله جبل کبیر.

.The Himaliya is the biggest mountain

اس طرح اسم نکرہ کے متعلق جملہ بنا لیا:

حامد کے والد ایک ٹیچر ہیں۔

والد حامد مدرس.

.Hamid s’ father is a teacher

لکھنؤ ایک بڑا شہرہے۔

لکناؤ مدینة  کبیرۃ.

.Lucknow is a big city

کوّایک پر ندہ ہے۔

الغراب طائر.

Crow is a bird.

          تو اب اس کے بعد ہم اپنے پڑھے ہوئے قاعدہ کو آسانی کے ساتھ نہیں بھول سکتے، اسی طرح ہم گرامر کا جو بھی قاعدہ پڑھیں اس پر دو چار دس جملے ضرور بنا لیا کریں اس  سے ہم کو دو طرح کے فائدئے محسوس ہونگے ایک تویہ کہ گرامر میں ہماری استعداد پختہ ہوتی جائے گی،دوسرے یہ کہ جس زبان کو ہم سیکھ رہے اس کی نوک پلک بھی درست ہو جائے گی، اس سلسلہ میں اساتذہ کی رہنمائی بھی خاص اہمیت کی حامل ہے۔

           ہم نے پورے مضمون سے یہ سیکھا کہ اگر ہمارے اندرکسی  چیز کے سیکھنے کا جذبہ ہے،ہم دنیا کا کوئی بھی علم وفن یا دنیا کی کسی بھی زبان کو سیکھنا جاہتے ہیں تو ہمیں دو چیزوں پر خاص طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی،نمبر (۱) اس علم وفن کے قواعد واصول، نمبر (۲) پریکٹکل اورعملی مشق، انہیں دونوں چیزوں کے ذریعہ ہی ہم کسی زبان یا کسی علم وفن کو مکمل طور پر حاصل کرسکتے ہیں ان دونوں کے بغیر کسی زبان کو سیکھنا اگر محال نہیں تو نا ممکن ضرور ہے۔

Join our list

Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.

Thank you for subscribing.

Something went wrong.

Leave a Reply