hamare masayel

اعتکاف کی قضا، سنت اعتکاف کی قضا، سنت اعتکاف

رمضان المبارک کے مسنون اعتکاف کی قضا

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ زید نے رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف کیا، ایک دن کسی شخص نے کہا کہ آپ کا پوتا میرا آم توڑ رہا ہے، زید مسجد سے باہر نکل آیا اور اپنے پوتے کو تنبیہ کرکے مسجد واپس آگیا، بعد میں معلوم ہوا کہ مسجد سے نکلنے کی وجہ سے اعتکاف فاسد ہوگیا۔

اب معلوم یہ کرنا ہے کہ پورے عشرے کے اعتکاف کی قضا کرنی ہوگی یا صرف ایک دن کی قضا سے کام چل جائے گا؟ نیز اس اعتکاف کی قضا کسی رمضان میں کرنا چاہے تو کر سکتا ہے یا غیر رمضان میں قضا کرنی ہوگی؟  برائے مہربانی تسلی بخش جواب عنایت فرماکر مشکور ہوں۔

المستفتی : عبداللہ قاسمی چورسنڈ جون پور

الجواب باسم الملهم للصدق والصواب:

رمضان المبارک کے مسنون اعتکاف میں سے اگر کسی دن کا اعتکاف کسی وجہ سے فاسد ہو جائے تو اس کی قضا کے بارے میں اختلاف ہے امام ابو یوسف رحمہ اللہ کے نزدیک پورے عشرے کی قضا کرنی پڑے گی اور امام ابو حنيفہ وامام محمد علیہما الرحمہ کے نزدیک صرف اس دن کی قضا کر لینے سے کام چل جائے گا؛ لیکن اختلاف سے بچنے کے لیے اگر پورے دس دن کی قضا کر لے تو بہتر ہے۔

اس اعتکاف کی قضا اگر رمضان میں کرنا چاہے تو کر سکتا ہے اور اگر غیر رمضان میں قضا کرے گا تو دن میں روزہ رکھنا بھی ضروری ہے۔

الدلائل

 لوشرع فی المسنون أعني العشر الأواخر بنیته ثم أفسده أن یجب قضاؤه تخریجاً علی قول أبی یوسفؒ (إلیٰ قوله) یلزمه قضاء العشر. (ردالمحتار: الصوم/ الاعتکاف، زکریا دیوبند 3/434، کراچی 2/4444).

ثم رأیت المحقق ابن الهمام قال: ومقتضی النظر لو شرع في المسنون أعني العشر الأواخر بنیته ثم أفسده أن یحب قضائه تخریجا علیٰ قول أبي یوسف في الشروع في نفل الصلاة ناویا أربعاً لا علیٰ قولهما أي یلزمه قضاء العشر کله لو أفسد بعضه کما یلزمه قضاء أربع لوشرع في نفل ثم أفسد الشفع الأول عند أبي یوسف… فیظهر من بحث ابن الهمام لزوم الاعتکاف المسنون بالشروع وإن لزوم قضاء جمیعه أو باقیه مخرّج علیٰ قول أبي یوسف، أما علی قول غیره فیقضي الیوم الذي أفسده لاستقلال کل یوم بنفسه. (رد المحتار: 2/131).

 والله أعلم وعلمه

حرره العبد محمد شاکر نثار المدني القاسمي غفرله، أستاذ الحديث والفقه بالمدرسة الإسلامية العربية، بيت العلوم سرائمير أعظم جره الهند.

29/8/1439ه 16/5/2018م الأربعاء

۞۞۞۞۞۞

Join our list

Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.

Thank you for subscribing.

Something went wrong.

Leave a Reply