khasayele Nabwi

خصائل نبوی اردو شرح شمائل ترمذی، Khasayle Nabwi

  • Post author:
  • Post category:eBooks
  • Post comments:0 Comments
  • Post last modified:August 20, 2021
  • Reading time:3 mins read



نام كتاب: خصائلِ نبوى شرح شمائل ترمذى

مولف: حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی مدنی نور اللہ مرقدہ

تحقيق وتعليق: حضرت مولانا ڈاکٹر تقی الدین ندوی مظاہری

فائل فارمیٹ: PDF

فائل سائز:   15 MB



khasayele Nabwi Book link

خصائل نبوی اردو شرح شمائل ترمذی ايك تعارف

بقلم: حضرت مولانا ڈاکٹر تقی الدین ندوی مظاہری

الحمد لله رب العالمين، والصلاة والسلام علی سيد الأنبياء والمرسلين محمد وعلی آله وصحبه أجمعين. وبعد!

اس ناچیز کو اپنے شیخ واستاذ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی مدنی نور اللہ مرقدہ کی گراں قدر تالیفات کی خاص طور سے خدمت کرنے اور تحقیق وتعلیق کے ساتھ شائع کرنے کی سعادت حاصل رہی، یہ سب حضرت اقدس کی دعاؤں اور توجہات کی برکت ہے، ان کتابوں میں ”الكوب الدري على جامع الترمزي مع الشمائل“کو عرب ممالک میں شائع کرنے کے لئے حضرت ؒ نے باربار تاکید فرمائی تھی، آج سے تقریبا 30 سال قبل ”الکوکب الدری“ پر کچھ کام کرنا شروع کیا تھا لیکن ”أوجز  المسالک“ و ”بذل المجھود“وغیرہ کے فوری تقاضے نے اس عظیم کام کو مؤخرکردیا، لیکن دل ودماغ میں اس کتاب کی خدمت کرنے کا جذبہ موجود رہا۔

سب سے اخیر میں شیخ عبد الحق محدث دہلوی ؒ کی کتاب ”لمعات التنقیح شرح مشکاۃ المصابیح“کی تحقیق کی گئی، آدھا درجن قلمی نسخوں سے اس کا مقارنہ ومقابلہ کیا گیا، حاشیۂ کتاب میں حضرت شیخ نور اللہ مرقدہ کی تقریر مشکاۃ سے بھی استفادہ کیا گیا اور اس کا خلاصہ زینت کتاب ہے، دو سال کی عرق ریزیوں کے بعد یہ شرح 10 جلدوں میں بیروت سے نہایت ہی عمدہ اور دیدہ زیب طباعت کے ساتھ منظر عام پر آئی ، اور الحمد للہ بے حد مقبول ہو رہی ہے، اس کے بعد ”الکوکب الدری“ کے کام کا آغاز ہوا، حضرت مولانا احمد علی محدث سہارنپوری ؒ کے ”نسخه ترمذی“ کو پانچ قلمی نسخے اور چار مطبوعہ نسخوں سے مقارنہ کیا گیا، اور اس کے حاشیہ میں ”الکوکب الدری“ کو رکھا گیا، اخیر کتاب میں ”العلل“ اور ”الشمائل للترمذی“ کا بھی تحقیق کے ساتھ اضافہ کیا گیا، اور ”الشمائل“ میں حضرت شیخ نور اللہ مرقدہ کے عربی حواشی کا بھی اضافہ کیا گیا، لیکن اس میں دیگر شروح ”شمائل“ اور حضرت مولانا احمد علی ؒ کے حاشیہ سے بھر پور استفادہ کیا گیا اور مناسب اضافہ بھی۔ یہ پورا مجموعہ 9 جلدوں میں بیروت سے شائع ہوکر منصۂ شہود پر آ گیا ہے، نویں جلد ”شمائل ترمذی مع حاشیہ “پر مشتمل ہے۔

اس ”شمائل مع حاشیہ“ کے دیکھنے کے بعد یہ داعیہ پیدا ہوا کہ کیوں نہ ”شمائل“ کا یہ محقق متن وحواشی حضرت شیخ کے اردو ترجمہ وتشریح پرنظر ثانی کے بعد شائع کر دیا جائے، جس سے اردو داں طبقہ ، علماء وطلبا سب کو مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔

لفظ ”شمائل“ اصطلاح میں جناب رسول اللہ ﷺ کے اوصاف کو کہتے ہیں، شمائل احادیث نبویہ کا ایک اہم حصہ ہے، جس میں حضور اکرم ﷺ کےاخلاق و اوصاف ، عادات و معمولات اورخصائل کی حقیقی تصویر کشی ہوتی ہے جو  اعلی اسلامی اخلاق وکردار  کا مظہر ہوتا ہے، اور اس کی معرفت حب نبوی میں اضافہ کرتا ہے جو ایمان کا حصہ ہے ، اور اس محبت کا ظہور مومن کی زندگی میں اتباع وانقیاد  کی شکل میں نظر آتا ہے،اس موضوع کی عظمت اور اہمیت وافادیت کے پیش نظر بے شمار کتابیں محدثین نے تالیف فرمائی ہیں، اور ان میں سب سے زیادہ شہرت ومقبولیت امام ترمذی کی ”الشمائل“ کو ملی، بلکہ شمائل نبوی کا بڑاذخیرہ اسی کتاب میں ہے،اور علماء نے بڑی قدرو منزلت کی نگاہ سے اس کتاب کو دیکھا ہے۔

ہمارے حضرت شیخ  الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی نو ر اللہ مرقدہ  نے  اپنے بعض محبین ومخلصین کے اصرار پر اس کتاب کی مفصل شرح اردو زبان ميں”خصائل نبوی شرح شمائل ترمذی“ کےنام سے لکھی ہے،جس کو اللہ تعالی نے بڑی مقبولیت عطا فرمائی،  آپ نے اردو زبان میں اس کا ایسا ترجمہ پیش کیا ہے جو ایک شاہکار ہے، ہمارے بعض اکابر نے فرمایا کہ اردو ترجمہ بعض جگہ بالکل الہامی ہے، حدیث کے جمع وتطبیق اور شرح میں بعض ایسی نادر تحقیقات آگئی ہیں کہ اس شعر کا جلوہ نظر آرہا هے۔    ؎

بینی اندر خود علوم انبیا        بے کتاب وبے معید واستاد

اسی  کے ساتھ آپ نے مختصر عربی حاشیہ بھی تحریر فرمایا، جو ملا علی قاری، عبد الرؤوف مناوی اور علامہ باجوری کے شروح کا خلاصہ ولب لباب ہے، مولانا احمد علی صاحب سہارنپوری کے حواشی اور کلماتِ غریبہ کی شرح میں  علامہ پٹنی کی ”مجمع بحار الأنوار“ اور دیگر شروح حدیث بھی پیش نظر رہی، اور بہت ہی قیمتی حواشی کا مرقع تیار ہو گیا۔

اس کتاب کے  قدیم مطبوعہ نسخہ پر اکابر علماء کی تقریظات بھی ہیں جس کو من وعن شامل ِکتاب کیا جارہا ہے، اور یہاں ناچیز اپنی تحریر میں حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی ؒ کی ایک تحریر درج کررہاہے جو انھوں نے حضرت شیخ کو ایک مکتوب میں تحریر فرمایا تھا:

” آج کل یہاں بیٹھے بیٹھے کچھ شرف صحبت حاصل ہورہا ہے، اس مرتبہ دار العلوم میں اپنے نفع کے لئے دو گھنٹے لئے ہیں، ایک تفسیر کا ،دوسرے”شمائل ترمذی“ کا، ہمارے یہاں درجۂ ششم میں بجائے کسی ادبی کتاب کے ”شمائل“ پڑھائی جاتی ہے، اس سلسلہ میں”خصائل نبوی“ کا مطالعہ بھی ہو جاتا ہے، اور آپ کے فیوض سے استفادہ بھی، اللہ تعالی نفع پہونچائے“ ۔ (مکتوب محررہ 26 /ذی قعدہ 1373ھ)

حضرت شیخ  نے اس اردو ترجمہ وشرح ”خصائل نبوی“ میں جن امور کی رعایت فرمائی ہے اس کا تذکرہ خود ہی مقدمہ میں کیا ہے، اس کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ کتاب نہایت ہی عمدہ اور خوبصورت انداز میں شائع کی جائے، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ شمائل نبوی کا یہ نسخہ علماء وطلبا اور اہل علم کے لئے نافع بنے ، اور جن لوگوں نے اس کو تیار کرنے میں ہمارا تعاون کیا ہے اللہ تعالی ان سب کی کوششوں کو قبول فرماکر ان کو جزائے خیر عطا فرمائے، اور اس ناچیز کے لئے ذخیرہ آخرت بنائے، آمین۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمین.

ا۔د/تقی الدین ندوی مظاہری

بانی وسرپرست جامعہ اسلامیہ مظفر پور اعظم گڑھ

 مستشار دیوان سمو الشیخ سلطان بن زاید آل نھیان

العین، متحدہ عرب امارات

 تاریخ: 17/ربیع الثانی 1438ھ مطابق 15/جنوری 2017ء

 


khasayele Nabwi Book link

نام كتاب: خصائلِ نبوى شرح شمائل ترمذى

مولف: حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی مدنی نور اللہ مرقدہ

تحقيق وتعليق: حضرت مولانا ڈاکٹر تقی الدین ندوی مظاہری

فائل فارمیٹ: PDF

فائل سائز:   15 MB

ڈاؤنلوڈ لنك: Khasayel-e-nabwi-sharah-shamayel-e-tirmizi



Join our list

Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.

Thank you for subscribing.

Something went wrong.

Leave a Reply