نماز كى شرائط، اس كے فرائض، واجبات، مفسدات، سنن ومستحبات
نوٹ: يہ مضمون مختصرا نماز كى شرائط، اس كے فرائض، واجبات، مفسدات اور اس كى سنن ومستحبات پر مشتمل ہے، حسب ضرورت كہيں كہيں كچھ اضافے بھى كئے گئے ہيں۔
نماز کى شرائط
1-جگہ کا پاک ہونا۔
2-جسم کا پاک ہونا۔
3-کپڑوں کا پاک ہونا۔
4-ستر کا چھپانا۔
5-وقت کی پہچان کرنا۔
6-قبلہ كى طرف رخ كرنا۔
7-نیت کرنا
8-تکبیر تحریمہ کہنا
نماز کےفرائض
1-قیام کرنا۔
2-قرأت کرنا۔ (ايك بڑى آيت يا تين چھوٹى آيتيں)
3-رکوع کرنا۔
4-دو سجدے کرنا۔
5-آخری قعدہ میں تشہد کی مقدار بیٹھنا۔
نماز كے واجبات
1-فرض نماز کی پہلی دو رکعتوں میں اور باقی تمام نمازکی تمام رکعتوں میں سورت فاتحہ پڑھنا۔
2-فرض نماز کی پہلی دو رکعتوں اور باقی تمام نماز کی تمام رکعتوں میں كوئى ایک سورت پڑھنا۔
3-سورت فاتحہ سورت سے پہلے پڑھنا۔
4-امام کا سری نماز (ظہر اور عصر) میں آہستہ اور جہری نماز (مغرب ، عشاء اور فجر) میں بلند آواز سے قرت كرنا۔
5-قومہ کرنا۔ يعنى ركوع سے اٹھ كر سيدھا كھڑا ہونا۔
6-جلسہ کرنا۔ يعنى دونوں سجدوں كے درميان بيٹھنا۔
7-تعدیل ارکان، يعنى نماز كے تمام اركان سكون واطمينان سے ادا كرنا
8- ترتیب ارکان۔ يعنى پہلے قيام ، پھر قرات، پھر ركوع پھر سجدہ وغيرہ۔
9- قعدہ اولٰی میں تشہد کی مقدار بیٹھنا۔
10- دونوں قعدوں میں تشہد پڑھنا۔
11- قعدہ اولیٰ میں تشہد پڑھنے کے فوراً بعد تیسری رکعت کےلیے کھڑا ہونا۔
12- وتر كى نماز کی تیسری رکعت میں تکبیر کہنا اور دعائے قنوت پڑھنا۔
13- عیدین كى نماز میں زائد چھ تکبیریں کہنا۔
14- لفظ اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اَللهِ کہہ کر نماز مکمل کرنا ۔
نماز کی سنتیں
1۔تکبیر تحریمہ کہنے سے پہلے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھانا ۔
2۔دونوں ہاتھوں کی انگلیاں اپنے حال پر کھلی اور قبلہ رخ رکھنا۔
3۔تکبیر کہتے وقت سر کو نہ جھکانا۔
4۔امام کا تکبیر تحریمہ اور ایک رکن سے دوسرے رکن میں جانے کےلئے تمام تکبیرات بقدرضرورت بلند آواز سے کہنا۔
5۔دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ کے اوپر ناف کے نیچے باندھنا۔
6۔ثناء پڑھنا۔
7۔تعوز یعنی أعوذ بالله من الشيطان الرجیم پڑھنا۔
8۔تسميہ يعنى بسم الله الرحمن الرحيم پڑھنا۔
9 فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۃ فاتحہ پڑھنا۔
10۔ آمین کہنا۔
11۔ ثناء ، تعوذ ، بسم اللہ ، آمین سب کو آہستہ پڑھنا ۔
12۔ سنت کے مطابق قرات کرنا یعنی جس نماز میں جس قدر قرآن پڑھنا سنت ہے اس کے مطابق پڑھنا۔
13۔ رکوع اور سجدہ كى تسبیحات كو کم از کم تین بار پڑھنا۔
14۔ رکوع میں سر اور پیٹھ کو ایک سیدھ میں رکھنا اور دونوں ہاتھوں کی کھلی انگلیوں سے گھٹنوں کو پکڑنا۔
15۔ قومہ میں امام کو سمع اللہ لمن حمدہ، اور مقتدی کو ربنا لک الحمد، اور منفرد کو دونوں کہنا۔
16۔ سجدے میں جاتے وقت زمين پر پہلے دونوں گھٹنے پھر ہاتھ پھر ناک پھر پیشانی رکھنا۔
17۔ جلسہ اور قعدہ میں بائيں پير بچھا کر اس پر بیٹھنا اور دائيں پير کو اس طرح کھڑا رکھنا کہ اس کی انگلیوں کے سرے قبلے کی طرف رہیں، اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھنا، اس طور پر كہ انگلياں گھٹنےسے نيچے نہ لٹكيں۔
18۔ تشہد میں أشھد أن لا إله إلا الله پر شہادت کی انگلی اٹھا كر اشارہ کرنا، اور إلا الله پر گرا دينا۔
19۔ قعدہ آخیر میں تشہد کے بعد درود شریف پڑھنا۔
20۔ درود شریف کے بعد دعائے ماثورہ پڑھنا۔
21۔ پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیرنا۔
نماز كے مکروہات
1۔ سستی اور لا پرواہى کی وجہ سے ننگے سر نماز پڑھنا۔
2۔ سر بالوں کو جمع کرکے چٹیا باندھنا۔
3۔عمامہ کے پیچ پر سجدہ کرنا۔
4۔ ہاتھ یا سر کے اشارے سے سلام کا جواب دینا۔
5۔ آنکھوں کو بند کرنا لیکن اگر نماز میں دل لگنے کے لیے بند کرے تو كوئى حرج نہيں ہے۔
6۔ قبلے کی طرف سے منہ پھیر کر یا صرف نگاہ سے ادھر ادھر دیکھنا۔
7۔ منھ میں روپیہ وغیرہ یا کوئی ایسی چیز رکھ کر نماز پڑھنا جس کی وجہ سے قرأت کرنے میں دشواری ہو۔
8۔ قصداّ جمائی لینا یا روكنے كى كوشش نہ كرنا۔
9۔ انگڑائی لینا ۔
10۔اس طرح کپڑا لپیٹ کر نماز پڑھنا کہ جلدی ہاتھ باہر نہ نکل سکیں۔
11۔کمر یا کوکھ یا کولہے پر ہاتھ رکھنا۔
12۔پیشاب یا پاخانہ کے تقاضے كى حالت میں نماز پڑھنا۔
13۔انگلیاں چٹخانا، یا ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالنا۔
14۔آیات، یا سورتیں یا تسبیحات کو انگلیوں پر شمار کرنا۔
15۔کنکریوں کو ہٹانا لیکن اگر سجدہ کرنا مشکل ہو تو ایک مرتبہ ہٹانے میں كوئى حرج نہیں۔
16۔بلا عذر چار زانوں بیٹھنا۔
17۔اکڑوں بیٹھنا، یعنی اس طرح بیٹھناکہ رانیں کھڑی ہوں، اور رانوں کو پیٹ سے اور گھٹنوں کو سینے سے ملائے ركھنا، اور ہاتھوں کو زمین پر رکھ لینا۔
18۔کسی کے منھ کی طرف کھڑے ہو کر نماز پڑھنا۔
19۔اگلی صف میں جگہ ہونے کے باوجود پچھلی صف میں اکیلے کھڑے ہو کر نماز پڑھنا۔
20۔امام کا اکیلے مقتدیوں سے ايك ہاتھ اوپر کھڑے ہو کر نماز پڑھانا۔
21۔امام کا محراب کے اندر کھڑا ہونا۔
22۔خلاف سنت نماز پڑھنا۔
23۔کہنیوں کو بچھا کر سجدہ کرنا۔
24۔سدل یعنی کپڑے کا لٹکانا، مثلا چادر سر پر ڈال کر اس کے دونوں کنارے لٹکا دینا، يا اچکن یا چوغہ بغیر آستینوں میں ہاتھ ڈالے کندھوں پر ڈال لینا۔
25۔کپڑاکو مٹی سے بچانے کے لیے ہاتھ سے سمیٹنا۔
26۔کپڑا سے یا بدن سے کھیلنا۔
27۔معمولی کپڑا پہن کر نماز پڑھنا۔
28۔جاندار کی تصویر والے کپڑے پہن کر نماز پڑھنا۔
29۔ایسی جگہ نماز پڑھنا کہ نمازی کے سر کے اوپر، یا اس کے سامنے، یا دائیں بائیں سجدے کی جگہ پر تصویر ہو۔
نماز كے مستحبات
1۔تکبیر تحریمہ کہتے وقت مردوں کو دونوں ہتھیلیاں آستینوں سے باہر نکالنا اور عورتوں کو دوپٹے کے اندر ہی سے دونوں ہاتھ کندھوں تک اٹھانا۔
2۔ رکوع اور سجدے میں منفرد کو تین مرتبہ سے زیادہ تسبیح کہنا۔
3۔ قیام کی حالت میں نگاہ كو سجدے کی جگہ پر، رکوع میں قدموں پر، سجدہ میں ناک پر، قعدہ میں گود پر، اور سلام کہتے وقت اپنے کندھوں پر رکھنا۔
4۔ کھانسی کو اپنی طاقت بھر روكنا۔
5۔جمائی كے وقت منھ کو بند رکھنا، اور اگر کھل ہی جائے تو قیام کی حالت میں دائیں ہاتھ کی پشت سے، اور بقیہ ارکان میں بائیں ہاتھ کی پشت سے منھ كو چھپانا۔
نماز كے مفسدات
1۔سلام کرنا قصداً ہو یا بھول کر۔
2۔بات چيت کرنا قصداً ہو یا بھول کر۔
3۔کسی بھی بات کا جواب دینا قصداً ہو یا بھول کر۔
4۔تکلیف کی وجہ سے آہ یا اُف کرنا ۔
5۔کسی بری خبر پر انا للہ، اچھی خبر پر الحمداللہ، یا عجیب وغريب خبر پر سبحان اللہ کہنا ۔
6۔درد یا مصیبت كى وجہ سے آواز کے ساتھ رونا ۔
7۔اپنے امام کے سوا کسی کو لقمہ دینا۔
8۔امام سے آگے بڑھ جانا یعنی کسی رکن کو امام سے پہلے ادا کرنا۔
9۔ قرأت ميں قران شریف دیکھ کر پڑھنا۔
10۔قرآن شریف پڑھنے میں کوئی سخت غلطی کرنا۔
11۔ناپاک جگہ پر سجدہ کرنا۔
12۔کھانا پینا قصداً ہو یا بھول کر۔
13۔سینہ کو بلا عذر قبلہ سے پھیر لینا۔
14۔ ایک رکن کی مقدار ستر عورت كا کھل جانا۔
15۔نماز كى حالت ميں دو صف آگے یا دو صف پیچھے چلنا ۔
16۔بالغ آدمی کا نماز میں قہقہہ لگا کر ہنسنا۔
17۔عمل کثیر یعنی کوئی ایسا عمل کرنا جس سے دیکھنے والے یہ سمجھیں کہ یہ شخص نماز ميں نہیں ہے۔
18۔دعا میں ایسی چیز مانگنا جو آدمیوں سے مانگی جاتی ہے مثلاً یااللہ مجھے سو روپے دے دے۔
Join our list
Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.