لباس اور زینت

لباس اور زینت سے متعلق چند اصول و ضوابط

لباس اور زینت سے متعلق چند اصول و ضوابط

مفتی ولی اللہ مجید قاسمی۔

ظاہر باطن کا ائینہ ہے بلکہ ظاہر باطن کی اصلاح اور درستگی کا ذریعہ ہے غور کیجئے کہ نماز، روزہ، زکاۃ اور حج کے تمام ارکان ظاہر سے متعلق ہیں اور یہی افعال دل کے بنانے اور سنوارنے کا ذریعہ بھی ہیں ۔اسی طرح سے لباس و پوشاک اور ظاہری تراش و خراش بھی باطن کی زیبائش کا سبب ہے اس لیے اسلامی شریعت میں اس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے

1۔ ضروری لباس:

مرد کے لیے ناف سے نیچے سے لے کر گھٹنے تک اور عورت کے لیے ہاتھ منہ اور پاؤں کے علاوہ پورے جسم کو نماز میں اور عام لوگوں کی نگاہوں سے چھپانا ضروری ہے اور فتنے کے اندیشہ کی وجہ سے عورت کے لیے اجنبی اور غیر محرم مردوں سے چہرہ اور ہاتھ وغیرہ کا پردہ بھی لازم ہے (دیکھئے الدرالمختار مع الرد: 610/9)

لباس کا مقصد ستر پوشی ہے لہذا جس لباس سے یہ مقصد پورا نہ ہو وہ برہنگی کے حکم میں ہے اس لیے مرد و عورت میں سے ہر ایک کو ایسا لباس پہننا درست نہیں ہے جس سے جسم جھلکنے لگے اور اسی طرح سے بہت چست کپڑا پہننا بھی جائز نہیں ہے جس سے جسم کے نشیب و فراز نمایاں ہوں.

حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہےکہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

 ” صِنْفَانِ مِنْ أَهْلِ النَّارِ لَمْ أَرَهُمَا ؛ قَوْمٌ مَعَهُمْ سِيَاطٌ كَأَذْنَابِ الْبَقَرِ يَضْرِبُونَ بِهَا النَّاسَ، وَنِسَاءٌ كَاسِيَاتٌ عَارِيَاتٌ، مُمِيلَاتٌ،مائلات ۔

 جہنم میں جانے والے دو طرح کے لوگوں کو میں نے نہیں دیکھا ہے ۔ایک وہ قوم ہوگی جس کے ساتھ بیل کی دم کی طرح کوڑے ہوں گے جس سے وہ لوگوں کو ماریں گے ۔دوسری وہ عورتیں ہیں جو کپڑا پہننے کے باوجود ننگی ہونگی۔مردوں کو اپنی طرف مائل کرنے والی اور خود ان کی طرف مائل ہونے والی ہونگی۔ (صحیح مسلم: 2128 . وشرح النووی 168/6۔المنتقی 499/2)

2۔ ریشم اور سونا چاندی:

مرد کے لیے خالص ریشم کا لباس حرام ہے اور عورت کے لیے اس کی اجازت ہے.حضرت ابو موسیٰ اشعری کہتے کہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

 ” إِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ أَحَلَّ لِإِنَاثِ أُمَّتِي الْحَرِيرَ وَالذَّهَبَ، وَحَرَّمَهُ عَلَى ذُكُورِهَا “.

 اللہ تعالی نے میری امت کی عورتوں کے لئے ریشم اور سونا حلال قرار دیا ہے اور مردوں کے لئے حرام کیا ہے۔ ( سنن نسائی: 5265، جامع ترمذی: 1720.)

اور مردوں کی طرح سے چھوٹے بچوں کے لیے بھی خالص ریشم کا لباس ناجائز ہے (دیکھئے المغنی: ج1/ص344، اعلاءالسنن: ج17/ص352)

مردوں کے لیے سونے کا زیور بالکل حرام ہے اور چاندی میں انگوٹھی کی حد تک اجازت ہے بشرطے کی اس کا وزن ایک مثقال سے کم ہو ( سنن ابوداؤد: 4223)

3۔ غیروں سے مشابہت:

 مشابہت کا اثر محض ظاہر تک محدود نہیں رہتا بلکہ باطن تک سرایت کر جاتا ہے اور رگ و ریشے میں  پیوست ہو جاتا ہے نیز یہ دوسروں کی تہذیب و تمدن سے مرعوبیت کی علامت ہے اس لیے حدیث میں سختی کے ساتھ غیر قوموں کی مشابہت سے منع کیا گیا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

” مَنْ تَشَبَّهَ بِقَوْمٍ فَهُوَ مِنْهُمْ.

جو کسی قوم کی مشابہت اختیار کرتا ہے وہ انہیں میں سے ہے. (سنن ابوداؤد:4031)

” لَيْسَ مِنَّا  مَنْ تَشَبَّهَ بِغَيْرِنَا، لَا تَشَبَّهُوا بِالْيَهُودِ، وَلَا بِالنَّصَارَى.

جو دوسروں کی مشابہت اختیار کرتا ہے وہ ہم میں سے نہیں ہے اس لیے یہود و نصاری کی مشابہت اختیار نہ کرو (جامع ترمذی:2695 )

ممنوع مشابہت کی عمومی طور پر چار صورتیں ہو سکتی ہیں:

1۔مذہبی تشبہ:

کسی قوم کے مذہبی شعار کو اختیار کرنا جیسے زنار پہننا، صلیب لٹکانا، قشقہ لگانا وغیرہ۔ تشبہ کی یہ قسم ناجائز اور حرام ہے اور فقہاء نے اس طرح کی مشابہت اختیار کرنے والے پر کفر کا حکم لگایا ہے(دیکھئے الہندیۃ:2/276)

2۔صنفی تشبہ:

مرد کے لیے عورت کی مشابہت اور عورت کے لیے مرد کی مشاورت اختیار کرنا ناجائز ہے حضرت عبداللہ ابن عباس سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان عورتوں پر لعنت کی ہے جو مردوں کی مشابہت اختیار کرتی ہیں اور ان مردوں پر بھی لعنت کی ہے جو عورتوں کی مشابہت اختیار کرتے ہیں(صحیح بخاری:2/874)

اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :

لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم الرجل یلبس لبسۃ المراۃ والمرأۃ تلبس لبسة الرجل۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مرد پر لعنت کی ہے جو زنانہ لباس پہنتا ہے اور اس عورت پر بھی جو مردانہ لباس پہنتی ہے۔ (ابو داود: 4098 احمد:8309)

3۔قومی تشبہ:

ان چیزوں کو اختیار کرنا بھی ممنوع ہے جو غیر قوم کے ساتھ خاص ہوں اور اس سے قومی شناخت وابستہ ہو جیسے کہ دھوتی ہندوؤں کا مخصوص لباس ہے اور کوٹ پتلون کسی زمانے میں انگریزوں کا قومی لباس تھا۔

لیکن یہ ممانعت اسی وقت تک ہے جب تک کہ خصوصیت باقی رہے لہذا کسی قوم کا لباس عام ہو جائے اور اس سے قومی امتیاز اور شناخت باقی نہ رہے تو پھر اس کے پہننے میں کوئی حرج نہیں ہے بشرطیکہ سطر پوشی کے تقاضے پورے ہو رہے ہوں (دیکھئے امداد الفتاوی: 4/264)

4۔فاسقوں کی مشابہت:

فاسق و فاجر اور بد کردار لوگوں کے لباس کو اپنانا بھی کراہت سے خالی نہیں ہے لیکن یہ حکم بھی اسی وقت تک ہے جب تک وہ ان کے ساتھ خاص ہو کہ دیکھنے والا پس و پیش میں پڑ جائے کہ کیا یہ شخص بھی غلط کاروں کے گروہ کا ایک فرد ہے؟

4۔ کپڑے کا رنگ:

لباس کے معاملے میں کسی خاص رنگ کی پابندی نہیں ہے بلکہ ہر رنگ کے کپڑے پہننے کی اجازت ہے مردوں کے لیے دو طرح کے رنگ کے کپڑوں کی ممانعت ہے ایک زعفران سے رنگا ہوا دوسرا عصفر (زرد رنگ کی بوٹی) سے رنگا ہوا اور ان دونوں سے ممانعت کی وجہ خود رنگ نہیں ہے بلکہ خارجی اسباب ہیں جیسے کہ عورتوں اور غیر مسلموں سے مشابہت چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک صحابی کا لباس عصفر سے رنگا ہوا دیکھا تو فرمایا:

ان هذا من ثياب الكفار فلا تلبسها(صحيح مسلم: 2/193)

یہ کافروں کا لباس ہے اس لیے اسے مت پہنو۔

اور ایک صاحب کو زعفرانی کپڑا پہنے ہوئے دیکھ کر فرمایا: اانك امرأة؟ کیا تو عورت ہے؟ (اعلاءالسنن: 17/365)

اور مردوں کے لیے خالص سرخ رنگ کے بارے میں فقہاء کے درمیان اختلاف ہے امام مالک، شافعی اور امام ابوحنیفہ کے نزدیک جائز ہے اور بعض حنفی فقہاء اور حنابلہ کے نزدیک ناجائز ہے علامہ ابن عابدین شامی کہتے ہیں کہ بعض حنفیہ کے نزدیک بھی کراہت اس وقت ہے جبکہ عورتوں یا عجمیوں سے مشابہت یا تکبر مقصود ہو (ردالمحتار:5/228)

حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خالص سرخ رنگ کے کپڑے کا استعمال ثابت ہے اس سے ممانعت کی کوئی حدیث نہ تو  صریح ہے اور نہ صحیح (دیکھئے اعلاءالسنن:17/359- 361)

تاہم دلائل سے قطع نظر موجودہ زمانے میں مکمل سرخ رنگ کے کپڑے میں عورتوں کے ساتھ مشابہت ہے اس لیے اس سے بچنا چاہیے امام طبری کی یہ بات قابل لحاظ ہے کہ:

“میں ہر رنگ کے کپڑے کو جائز سمجھتا ہوں البتہ مکمل سرخ رنگ کے کپڑے کو ناپسند کرتا ہوں کیونکہ یہ ہمارے زمانے میں اہل وقار کا لباس نہیں ہے اور جب تک کہ گناہ کے دائرے میں نہ آتا ہو صاحب وقار لوگوں کے لباس اور ہیئت کو اختیار کرنا چاہیے”(فتح البارى:10/142)

5۔ لباس تکبر

لباس کی ساخت اور ہیئت ایسی ہونی چاہیے کہ اس سے گھمنڈ اور غرور کا اظہار نہ ہو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” كُلُوا، وَاشْرَبُوا، وَتَصَدَّقُوا، وَالْبَسُوا، غَيْرَ  مَخِيلَةٍ ، وَلَا سَرَفٍ “. وَقَالَ يَزِيدُ مَرَّةً : ” فِي غَيْرِ إِسْرَافٍ، وَلَا مَخِيلَةٍ “. 

کھاؤ پیو صدقہ و خیرات کرو اور کپڑے پہنو لیکن شرط یہ ہے کہ فضول خرچی اور تکبر نہ ہو(احمد : 6695.  نسائی: 2559. ابن ماجہ: 3605)

مَنْ جَرَّ ثَوْبَهُ  خُيَلَاءَ  لَمْ يَنْظُرِ اللَّهُ إِلَيْهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ .

جو اپنے کپڑے کو گھمنڈ سے گھسیٹتے ہوئے چلے تو اللہ تعالی قیامت کے دن اس کی طرف نہیں دیکھیں گے. (صحیح بخاری: 3665)

کپڑے کی آخری حد ٹخنوں تک ہے اور جو اس سے زیادہ ہو وہ جہنم میں ہے

” إِزْرَةُ الْمُسْلِمِ إِلَى أَنْصَافِ سَاقَيْهِ، لَا جُنَاحَ عَلَيْهِ فِيمَا بَيْنَهُ وَبَيْنَ الْكَعْبَيْنِ، مَا أَسْفَلَ مِنْ ذَلِكَ فَفِي النَّارِ، مَا أَسْفَلَ مِنْ ذَلِكَ فَفِي النَّارِ(الموطا: 2657. صحيح بخاري: 5787)

 علامہ طبری اس طرح کی حدیثوں کی شرح میں کہتے ہیں:

کسی شخص کے لیے جائز نہیں ہے کہ وہ کپڑے کو ٹخنے سے نیچے لٹکائے اور کہے کہ میں تکبر کی وجہ سے ایسا نہیں کر رہا ہوں اس لیے کہ ممانعت کے الفاظ اس صورت کو بھی شامل ہیں اور یہ کہنا کہ مجھ میں تکبر نہیں ہے نا قابل تسلیم ہے کیونکہ کپڑے کو ٹخنے سے طویل رکھنا ہی تکبر پر دلالت کرتا ہے(فتح الباری:10/264)

اس تشریح کی تائید ایک حدیث سے بھی ہوتی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کپڑے ٹخنے سے نیچے لٹکانے سے بچو کیونکہ ایسا کرنا تکبر کی وجہ سے ہے.

 وَارْفَعْ إِزَارَكَ إِلَى نِصْفِ السَّاقِ، فَإِنْ أَبَيْتَ فَإِلَى الْكَعْبَيْنِ، وَإِيَّاكَ وَإِسْبَالَ الْإِزَارِ ؛ فَإِنَّهَا مِنَ  الْمَخِيلَةِ. (ابو داؤد 4084۔نیز دیکھئے:  فتح الباری: 10/259)

6۔ لباس شہرت:

لباس شہرت سے مراد وہ کپڑا ہے جو نمائش اور لوگوں کے درمیان مشہور ہونے کی نیت سے پہنا جائے اور اس کے لیے ضروری نہیں ہے کہ کپڑا بہت عمدہ اور قیمتی ہو بلکہ پھٹا،پرانا یا گدڑی بھی اس نیت سے پہنی جائے تو وہ لباس شہرت کا مصداق  اور ممنوع ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

“مَنْ لَبِسَ  ثَوْبَ شُهْرَةٍ  فِي الدُّنْيَا أَلْبَسَهُ اللَّهُ  ثَوْبَ مَذَلَّةٍ  يَوْمَ الْقِيَامَةِ، ثُمَّ أَلْهَبَ فِيهِ نَارًا “.

جو شخص دنیا میں شہرت کا لباس پہنتا ہے اللہ تعالی اسے قیامت کے دن ذلت کا لباس پہنائیں گے اور پھر اس میں آگ بھڑکائی جائے گی. (ابو داؤد ،نسائ،ابن ماجہ نیل الاوطار:6/136)

Join our list

Subscribe to our mailing list and get interesting stuff and updates to your email inbox.

Thank you for subscribing.

Something went wrong.

Leave a Reply